اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے معیشت سے متعلقہ تمام وزارتوں سے عملی اقدامات اور کم سے کم دورانیہ پر مشتمل جامع حکمت عملی کے لیے تجاویز طلب کر لی ہیں اور کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کی آسانی کے لیے ادارہ جاتی اور انتظامی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے برآمدات کے شعبے کی ترویج کی تجاویز اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کو خصوصی اہمیت دی جائے،موثر معاشی اصلاحات اور مجموعی معاشی ترقی کے لیے تمام وزارتوں کی باہمی ہم آہنگی اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا باہمی تعاون کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔
جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہارنئے سال کے پہلے دن معیشت سے متعلقہ تمام وزارتوں میں جاری انتظامی و معاشی اصلاحات ، سرمایہ کاری میں اضافے اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، تمام صوبوں کے چیف سیکٹریز ، نیشنل کوآرڈینیٹر ایس آئی ایف سی اور دیگر متعلقہ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے معیشت سے متعلقہ تمام وزارتوں کے عملی اقدامات اور کم سے کم دورانیہ پر مشتمل جامع حکمت عملی اور سفارشات طلب کر لیں۔ اس موقع پر مختلف وزارتوں کی طرف سے وزیراعظم کو جاری ترقیاتی منصوبوں اور معاشی، ادارہ جاتی انتظامی اصلاحات پر جاری کام کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے معاشی ترقی اور اصلاحات کی تجاویز میں وزارتوں کے مابین باہمی ہم آہنگی اور صوبوں اور وفاقی اداروں کے باہمی تعاون کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی طرف سے پیش کردہ اقتصادی اصلاحات پر مبنی معاشی گورننس کی پالیسی پر تمام وزارتوں کی طرف سے موثر عمل درآمد ناگزیر ہے۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ تمام وزارتیں اپنے شعبوں سے متعلقہ بیرونی اور اندرونی سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے سفارشات جلد از جلد مرتب کریں،سرمایہ کاروں کی آسانی کے لیے ادارہ جاتی اور انتظامی سہولیات حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے بیرونی اورملکی سرمایہ کاروں کو مزید سہولیات دینے کے لئے سفارشات بھی طلب کر لیں اور ہدایت کی کہ سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے برآمدات کے شعبے کی ترویج کی تجاویز اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کو خصوصی اہمیت دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ موثر معاشی اصلاحات اور مجموعی معاشی ترقی کے لیے تمام وزارتوں کی باہمی ہم آہنگی اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا باہمی تعاون کلیدی اہمیت رکھتا ہے،بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے متعلقہ وزارتیں دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں کے ذریعے بیرونی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے موثر تعاون کریں۔
سرمایہ کاری کے لیے پاکستانی سفارتخانوں میں سرمایہ کاروں کے لیے سہولیات اور دیگر اہم معلومات کی ابتدائی آگاہی کو یقینی بنایا جائے۔وزیر اعظم نے کہا کہ وزارتیں سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے صنعتی پیداوار ، زراعت اور دیگر تمام اہم شعبوں پر یکساں توجہ دیں۔









