شہباز شریف 43

وزیر اعظم شہباز شریف کی ترک صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات ،

اشک آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے ساتھ سیاسی، توانائی، اقتصادی، دفاع اور سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے توانائی، پٹرولیم اور معدنیات کے ترجیحی شعبوں میں ترکیہ کی دلچسپی اور سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا ہے۔

جمعہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ترک صدر رجب طیب ایردوان سے اشک آباد میں بین الاقوامی فورم کے موقع پر ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے ترکیہ اور پاکستان کے مابین تاریخی اور گہرے برادرانہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا جن کی بنیاد مشترکہ اقدار اور امن و خوشحالی کی مشترکہ خواہش پر ہے۔

وزیراعظم نے رواں برس پاکستان اور ترکیہ کے درمیان قیادت کی سطح پر ہونے والے مسلسل روابط پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ترکیہ کے ساتھ سیاسی، توانائی، اقتصادی، دفاع اور سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے پاک ترک جے ایم سی کے 16ویں اجلاس کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا جو 7ویں ایچ ایل ایس سی سی کے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گا۔ وزیر اعظم نے توانائی، پٹرولیم اور معدنیات کے ترجیحی شعبوں میں ترکیہ کی دلچسپی اور سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔

وزیراعظم نے اہم شعبوں میں حال ہی میں دستخط شدہ مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر بروقت عملدرآمد کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری میں ترکیہ کے اس شعبے میں تجربے سے استفادہ کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ بیان کے مطابق اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان وزارتی سطح کے تبادلے بہت جلد ہوں گے۔

وزیراعظم نے علاقائی روابط کی اہمیت پر زور دیا جس میں اسلام آباد-تہران-استنبول ریل نیٹ ورک کی بحالی شامل ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے صدررجب طیب ایردوان کی جرأت مندانہ قیادت اور غزہ میں امن کی کوششوں کے لئے مضبوط عزم کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان اور افغان طالبان حکومت کے درمیان مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے میں ترکیہ کے تعمیری کردار کا شکریہ بھی ادا کیا لیکن اس بات پر زور دیا کہ امن تب ہی ممکن ہو گا جب پاکستان کے سلامتی کے خدشات کو پوری طرح سے حل کیا جائے۔

صدررجب طیب ایردوان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے نیک خواہشات پر ان کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات استوار کرنے کے لئے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں