اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امجد حسین کو وزیرِ اعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ نئے منتخب وزیرِاعلیٰ اور ان کی کابینہ احسن طریقے سے گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کریں گے۔
پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے عمران ندیم شگری کو بطور سپیکر اور ملک کفایت الرحمن کو بطور ڈپٹی سپیکر انتخاب پر بھی مبارک باد دی۔ وزیر اعظم نے گلگت بلتستان کے انتخابات کے مثبت سیاسی ماحول میں انعقاد پر تمام سیاسی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ نئے منتخب وزیرِاعلیٰ اور ان کی کابینہ گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات، عوامی اعتماد کا اظہار اور پارلیمانی اور جمہوری اقدار کی کامیابی ہے۔









