راولپنڈی (رپورٹنگ آن لائن ) وزیرستان میں دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ تبادلے میں پاک فوج کا ایک کپتان اور جوان شہید، 2 سپاہی زخمی ہو گئے، جوابی فائرنگ میں ایک دہشت گرد بھی مارا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی اور جنوبی وزیرستان کی سرحد پر دہشتگردوں نے پاک فوج کی گشت کرنے والی ٹیم پر حملہ کر دیا، فائرنگ کی زد میں آ کر کیپٹن صبیح اور نوید نامی جوان شہید ہو گئے جبکہ 2 سپاہی شدید زخمی ہوئے۔جوابی فائرنگ میں ایک حملہ آور دہشت گرد مارا گیا جبکہ فورسز نے دہشتگردوں کا ایک کمپاونڈ بھی تباہ کر دیا۔
واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ زخمی سپاہیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔