وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی 162

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے نائجر کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے نائجر کی قومی اسمبلی کے صدر سینی اومارو نے وفد کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی روابط کا فروغ خوش آئند ہے۔

نائجر کی قومی اسمبلی کے صدر سینی اومارو کی وفد کے ہمراہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین برادرانہ اور مستحکم تعلقات ہیں،پاکستان، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں، اقتصادی ترجیحی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، پاکستان، نائجر سمیت افریقی ممالک کے ساتھ تجارتی، اقتصادی و کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کا متمنی ہے ۔

وزیر خارجہ نے نائجر کے دارالحکومت نیامے میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے سنتالیسویں اجلاس کے انعقاد اور بھرپور میزبانی کو سراہا اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے قرارداد کی بھرپور حمایت پر نائجر قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں