لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے فارنزک ٹریننگ لیب کو یونیورسٹیوں سے منسلک کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے لاہور میں پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ فارنزک ایجنسی پورے پاکستان کو خدمات فراہم کر رہی ہے اور پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی سیٹلائٹ سٹیشن کے ذریعے کرائم سین مانیٹر کر رہی ہے۔
اس موقع پر ڈیپارٹمنٹل لیب کو پی اے ایف ڈی اے کے تحت سینٹر لائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ وزیراعلی مریم نواز نے آٹو میٹڈ فنگر پرنٹ سسٹم، اسلحہ اور ایمونیشن کی شناخت کے آٹو میٹڈ بیلسٹک سسٹم اور جینٹک اینالائزر مشین کا معائنہ بھی کیا۔
وزیر اعلی پنجاب نے نجی اور سرکاری یونیورسٹیز میں فارنزک سائنس میں زیر تعلیم طلبہ کی ٹریننگ اور انٹرن شپ کروانے، فارنزک ٹریننگ لیب کی جلد تکمیل اور بہترین آلات فراہم کرنے سمیت ڈی جی خان میں ایویڈنس سینٹر فعال کرنے کی ہدایت کی۔