وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش، مستحق مریضوں کے علاج کیلئے مزید فنڈز جاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہیں‘مستحق مریضوں کے علاج کیلئے مزید فنڈز جاری کر تے ہوئے کہنا تھا کہ دکھی انسانیت کے دکھ باٹنے سے دلی سکون ملتا ہے‘دکھی انسانیت کی خدمت ہی اصل سیاست ہے‘۔

تفصیلات کے مطابق عثمان بزدارکی ہدایت پر مستحق مریضوں کے علاج معالجے کیلئے مزید فنڈز جاری کردیئے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ آفس کی جانب سے ڈی جی ہیلتھ پنجاب کو مستحق مریضوں کے علاج معالجے کے لئے فنڈز کے اجراء کیلئے مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔جاری کردہ مراسلے میں بتایا گیا کہ جگر، گردوں، بون میرو ،کینسر،کوہیلر امپلانٹ،کڈنی اور برین ہیمرج کے24مستحق مریضوں کے علاج معالجے کیلئے ایک کروڑ 91لاکھ25ہزارروپے کے فنڈز کا اجراء کردیا گیا ہے۔

جاری کردہ مراسلے میں بتایا گیا کہ تحصیل احمد پور سیال،ضلع جھنگ کی رہائشی کینسر کے مرض میں مبتلا یاسمین نذیرکے علاج معالجہ کیلئے 26 لاکھ23 ہزارروپے کے فنڈز جاری کیے گئے۔کمبوہ کالونی سمن آباد، لاہور کے رہائشی بون میرو ٹرانسپلانٹ کے مرض میں مبتلا عبدالوہاب کے علاج معالجہ کیلئے 25لاکھ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے۔اسکے علاوہ کوٹ پنڈی داس،فیروز والا،ضلع شیخوپورہ کی رہائشی جگر کے مرض میں مبتلا زینب بی بی کے علاج معالجے کے لئے 3لاکھ6 ہزار روپے کی مالی امداد کا اجرا کیا گیا۔

اسی طرح مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے مستحق افراد کے لیے فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ مستحق مریضوں کے علاج معالجے کے لئے فنڈز کی کمی نہیں آنے دیں گے۔عثمان بزدار نے کہا کہ دکھی انسانیت کے دکھ باٹنے سے دلی سکون ملتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ہی اصل سیاست ہے۔