مریم نوازشریف 38

وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر جامع عید صفائی پلان کی منظوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر جامع عیدالفطر صفائی پلان کی منظوری دے دی گئی ہے۔ چاند رات کو مصروف مارکیٹوں میں صفائی کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے نیو مسلم ٹاﺅن میں ستھرا پنجاب اتھارٹی (ایس پی اے) کے آفس کا دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر جنرل ایس پی اے بابر صاحب دین نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے عید پلان کی تیاری پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ڈی جی اور ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے خبردار کیا کہ عید کی چھٹیوں کے دوران کوئی سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر پر سڑکوں کی مکینیکل سویپنگ پر معمول سے زیادہ توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی اے کے مرکزی کنٹرول روم کو ہر ضلع کے مانیٹرنگ سیل کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ ایس پی اے کے افسران ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر عید پلان پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

ذیشان رفیق نے کہا کہ “مریم نواز کا ستھرا پنجاب” کی کامیابی کا راز ڈیجیٹائزیشن ہے۔ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ستھرا پنجاب کا سسٹم ڈیجیٹل ہونے سے مانیٹرنگ میں کافی آسانی ہے۔ اس سہولت کو صحیح معنوں میں بروئے کار لانے سے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ کسی علاقے سے بار بار ایک ہی شکایت آنے پر متعلقہ سپروائزر سے وضاحت طلب کی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ گزشتہ عیدالفطر کے دوران جو چیلنجز پیش آئے ان کو سامنے رکھ کر اس بار زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں