لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں حفیظ سینٹر میں آتشزدگی سے تاجروں کے نقصانات کے ازالے کیلئے اقدامات پر غور کیا گیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تاجروں کے نقصانات کے ازالے کیلئے حتمی پلان طلب کرتے ہوئے کہا کہ نقصانات کے ازالے کیلئے میکانزم تین روز میں تشکیل دیا جائے ۔انہوںنے کہا کہ حفیظ سینٹر میں آتشزدگی سے تاجروں کے مالی نقصان پر دلی دکھ ہوا ہے ۔حکومت تاجروں کے نقصانات کے ازالے کے لئے اقدامات کرے گی۔حتمی سفارشات کی روشنی میں نقصانات کے ازالے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیںگے۔
انہوںنے کہا کہ ہماری ہمدردیاں تاجروں کے ساتھ ہیں اور تاجروں کو مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیںگے۔صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت،سیکرٹری خزانہ،سیکرٹری اطلاعات اورڈپٹی کمشنر لاہورنے اجلاس میں شرکت کی۔