لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی جمعرات کے روزپنجاب اسمبلی کے سپیکر چودھری پرویز الٰہی سے ملاقات ہوئی ‘جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور پنجاب اسمبلی کے نئے بلاک کی تعمیر پر پیش رفت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پراپیگنڈا کرنے والے عناصر کا مل کر مقابلہ کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ہر صورت اکٹھے مل کر صوبے کے عوام کی خدمت جاری رکھیں گے اور عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تنقید کرنے والے عناصر پیچھے رہ جائیں گے اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان آگے بڑھتا جائے گا۔تنقید کرنے والے عناصر مخصوص ایجنڈے کے تحت پراپیگنڈا کر رہے ہیں۔ پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلیشن شپ ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے عوامی ترجیحات کا درست تعین کیا ہے اور وزیراعظم عمران خان وژن کے مطابق پنجاب حقیقی تبدیلی کی راہ پر گامزن ہے۔ عوام کی فلاح و بہبود کے وہ کام کر رہے ہیں جو سابق حکمران برسوں میں نہ کر پائے۔ ماضی میں غلط ترجیحات کی وجہ سے صوبے کے عوام کا بے پناہ نقصان کیاگیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اختلافات کی خواہش رکھنے والوں کے ارمان پورے نہیں ہوں گے۔ سابق دور میں صوبے کا حلیہ بگاڑا گیا۔ ماضی کی حکومت نے غلط پالیسی سے صوبے کو دیوالیہ کیا۔
فلاح عامہ کے منصوبوں میں تاخیر کا نقصان صوبے کے عام آدمی کو ہوا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور عوام کا اپنا دور ہے۔ تحریک انصاف کے اتحادی ہیں اور مل کر فلاح عامہ کیلئے کام کرتے رہیں گے۔عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت بھی اس موقع پر موجود تھے۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب اور سپیکر پنجاب اسمبلی کی زیرصدارت اسمبلی کے کمیٹی روم میں خصوصی اجلاس ہوا جس میں پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت اور ایم پی اے ہاسٹل کی تعمیر کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ستمبر کے آخر تک کام مکمل کرکے نئی بلڈنگ پنجاب اسمبلی کے حکام کے حوالے کرنے کی ڈیڈ لائن دی۔
انہوں نے کہا کہ فنڈز کے باوجود نئی عمارت کے کام میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں۔ وزیراعلیٰ نے بلڈنگ کا کام مقررہ مدت میں مکمل نہ کئے جانے پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ کورونا کے باعث کچھ امور میں جو تاخیر ہوئی ہے، اس کا ازالہ مسلسل محنت کرکے کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نئی عمارت کا بقیہ کام جلد مکمل کرنے کے حوالے سے پوری سپورٹ جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ نئی عمارت سٹیٹ آف دی آرٹ ہوگی اور اس منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز دیں گے کیونکہ ہماری حکومت عمارت کو جلد اراکین اسمبلی کیلئے کھولنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ سپیکر پرویزالٰہی کا اپنا منصوبہ ہے۔ گزشتہ دور میں اس منصوبے کو ضد کی نذر کیا گیا۔ سابق حکومت اس اہم منصوبے کو 10 سال تک نہ روکتی تو ہمیں کورونا کے باعث ہوٹل میں بجٹ سیشن نہ کرنا پڑتا۔ سابق حکمرانوں نے فلاح عامہ کے منصوبوں میں ذاتی پسند و ناپسند کو ترجیح دی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے ساتھ ایم پی اے ہاسٹل کو بھی جلد مکمل کیا جائے۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ نئی عمارت اور ہاسٹل کی تعمیر کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی سپورٹ کے شکرگزار ہیں۔ ماضی کے حکمرانوں نے جان بوجھ کر نئی عمارت کے منصوبے کو تاخیر کا شکار کیا۔تاخیر کے باعث عوام کے پیسے کا ضیاع ہوا اور تعمیراتی لاگت بھی بڑھی۔
کورونا کے باعث کام میں تعطل آیا لیکن اب اس منصوبے کو مزید تیزی سے آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ این سی اے کی جانب سے جولائی کے آخر تک چھت پر میناکاری کا کام مکمل ہوجائے گاجبکہ مسجد کو اگست میں کھول دیا جائے گا۔ ایم پی اے ہاسٹل کی عمارت کی بیسمنٹ میں 600 گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت موجود ہوگی ۔
صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری پنجاب اسمبلی، وزیراعلیٰ کے سیکرٹری کوآرڈینیشن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔