شہباز شریف 51

وزیراعظم کی یوم نوروز پر پاکستان میں مقیم پارسی برادری اور دنیا بھر میں اس دن کو منانے والے تمام افراد کو دلی مبارکباد

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوم نوروز پر پاکستان میں مقیم پارسی برادری اور دنیا بھر میں اس دن کو منانے والے تمام افراد کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے قومی تشخص اور نوروز میں ثقافتی تنوع کا احترام، مذہبی آزادی کا تحفظ اور پْرامن بقائے باہمی جیسی اقدار مشترک ہیں،حکومت ،میڈیا، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور مذہبی رہنماؤں کے اشتراک سے باہمی احترام اور افہام و تفہیم کی فضا کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔

نوروز 20 مارچ 2026 پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہاکہ یوم نوروز پر پاکستان میں مقیم پارسی برادری اور دنیا بھر میں اس دن کو منانے والے تمام افراد کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوںنے کہاکہ نوروز بہار کی آمد, نئے آغاز اور نئی امید کی علامت ہے۔ یہ تہوار امن و محبت ، دوستی، ہم آہنگی اور ثقافتوں کے درمیان یکجہتی کا پیغام دیتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے قومی تشخص اور نوروز میں ثقافتی تنوع کا احترام، مذہبی آزادی کا تحفظ اور پْرامن بقائے باہمی جیسی اقدار مشترک ہیں۔

انہوںنے کہاکہ آئین پاکستان تمام شہریوں کی مذہبی عبادات کو تحفظ دیتا ہے، آئین پاکستان کی روشنی میں بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کو فروغ دینے کے لیے موثر پالیسی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے پالیسی برائے بین المذاہب ہم آہنگی (2025) اور حکمت عملی برائے مذہبی رواداری (2025) کی شکل میں جامع حکمت عملی اپنائی ہے،ان پالیسی اقدامات کا مقصد مذاہب کے مابین مکالمہ کے فروغ، تنازعات کے حل کا موثر نظام، نفرت انگیز تقاریر کی روک تھام اور مشترکہ انسانی اقدار کے شعور کو اجاگر کرنا شامل ہے۔

انہوںنے کہاکہ ملک میں موجود تمام مذاہب کے پیروکاروں کی حفاظت انکی عبادت گاہوں اور مذہبی ورثے کی دیکھ بھال حکومت کے فرائض میں شامل ہے۔انہوںنے کہاکہ حکومت ،میڈیا، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور مذہبی رہنماؤں کے اشتراک سے باہمی احترام اور افہام و تفہیم کی فضا کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔انہوںنے کہاکہ آئیں آج ہم بحیثیت قوم باہمی ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور برداشت اور مشترکہ خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کا تجدید عہد کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں