وزیر اعظم محمد شہباز شریف 15

وزیراعظم کی مون سون اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کی ہدایت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں حالیہ مون سون بارشوں اور ان سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سیلاب میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے، جبکہ سیلاب اور بارشوں سے مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہونے والے گھروں کے مالکان کی بھی مالی مدد کی جائے۔

وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی ترسیل کے نظام اور سڑکوں کی بحالی کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے متعلقہ وفاقی وزراء اور سیکرٹریز کو متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا خود جائزہ لینے اور بحالی کا کام شروع کروانے کی بھی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں مزید تیز کرنے اور ان علاقوں میں اشیائے خورونوش سمیت دیگر امدادی سامان فوری پہنچانے کی ہدایت کی جہاں رسائی میں مشکلات کے باعث تاحال امدادی سامان نہیں پہنچ سکا۔

وزیراعظم نے آئندہ بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو امدادی کارروائیوں کے لیے مکمل طور پر تیار رہنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو مون سون 2026 کے اثرات اور صوبوں و این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری امدادی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک کے تمام متاثرہ علاقوں میں سیلاب متاثرین کی محفوظ مقامات پر بروقت منتقلی کی جا چکی ہے۔

بریفنگ کے مطابق مزید بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کی ٹیمیں عوام کی مدد کے لیے تیار ہیں، ملک بھر میں مون سون بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں اب تک مجموعی طور پر 615 ٹن امدادی سامان بھیجا جا چکا ہے جبکہ مزید امدادی سامان کی ترسیل کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ شمالی علاقوں میں ارلی وارننگ سسٹم فعال ہیں، جن کی بدولت سیلاب سے قبل متعدد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں