ہارون اختر خان 68

وزیراعظم کی قیادت میں ملکی معیشت استحکام اور ترقی کی درست سمت میں گامزن ہے،ہارون اختر خان

اسلام اباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی معیشت استحکام اور ترقی کی درست سمت میں گامزن ہے،مائیکرو، سمال اور میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ایز)پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں ، خواتین اور مائیکرو کاروباروں کے لیے خصوصی پویلینز قائم کیے جا رہے ہیں ،بینکوں اور مالیاتی اداروں کی شمولیت سے ایس ایم ایز کو براہِ راست مالی رسائی حاصل ہوگی،میڈ اِن پاکستان ایس ایم ای کلسٹر شوکیس ایکسپو 2026 لاہور میں 24 سے 26 جنوری تک ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی۔

بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ہے کہ معاشی پالیسیاں ہر ضلع اور ہر چھوٹے کاروبار تک پہنچیں۔ ایس ایم ایز روزگار، پیداوار اور برآمدات میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں، اسی لیے ملک بھر میں ایس ایم ای کلسٹرز کے ساتھ مشاورت مکمل کر کے تمام صوبوں اور علاقوں کی نمائندگی کے ساتھ جامع ایس ایم ای پالیسی تشکیل دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈ اِن پاکستان ایس ایم ای کلسٹر شوکیس ایکسپو 2026 لاہور میں 24 سے 26 جنوری تک ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی۔ یہ ایکسپو پاکستان کے چھوٹے کاروبار کا قومی پلیٹ فارم ہوگا جس میں 30 سے زائد کلسٹر پویلینز اور 174 نمائندگان شرکت کریں گے۔انہوںنے کہاکہ خواتین اور مائیکرو کاروباروں کے لیے خصوصی پویلینز قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ بینکوں اور مالیاتی اداروں کی شمولیت سے ایس ایم ایز کو براہِ راست مالی رسائی حاصل ہوگی۔

ہارون اختر خان کے مطابق آذربائیجان، کینیا اور ملائیشیا کے بین الاقوامی نمائندگان بھی ایکسپو میں شریک ہوں گے۔ خواتین کاروباریوں کی شمولیت حکومت کی معاشی حکمتِ عملی کا اہم حصہ ہے، اسی تناظر میں نیشنل وومن انٹرپرینیورشپ پالیسی پر عملی کام شروع ہو چکا ہے اور خواتین کاروباریوں کے لیے فنڈز، تربیت اور مارکیٹ تک رسائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایکسپو کا بڑا مقصد ایس ایم ایز کو بینکوں، خریداروں اور سرمایہ کاروں سے جوڑنا اور برآمدات پر مبنی معیشت کو فروغ دینا ہے۔انہوںنے کہاکہ ایس ایم ای ایکسپو وزیرِ اعظم کے معاشی وژن کا عملی مظہر ہے،یہ صرف نمائش نہیں بلکہ پاکستان کی معاشی طاقت کا اظہار ہے۔ انہوںنے کہاکہ ایکسپو میں عوام معیاری پاکستانی مصنوعات خرید اور آرڈرز بک بھی کر سکیں گے جبکہ تمام صوبے اور خطے ایک ہی چھت تلے اپنی معاشی صلاحیت پیش کریں گے۔ہارون اختر خان نے کہاکہ ایس ایم ایز مضبوط ہوں گی تو پاکستان مضبوط ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں