اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نیسعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کے دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ مملکت سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کے بار بار ہونے والے دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں جن میں ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنانا بھی شامل ہے، ان حملوں کے نتیجے میں جانی نقصان کے ساتھ ساتھ متعدد افراد زخمی ہوئے۔
وزیراعظم نے سعودی مسلح افواج اور اتحادی افواج کی مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے متعدد بیلسٹک میزائلوں کو راستے میں ہی تباہ کیا۔انہوں نے معصوم جانوں کے تحفظ اور مملکت کی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے ان کی مسلسل کوششوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، مملکت سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے،مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے اور اس کی سٹرٹیجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے حالیہ فیصلوں کے مطابق سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کیلئے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے،
ہم سعودی عرب کے اپنے عوام کے دفاع اور اپنے شہروں اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے جائز حق کی بھی مکمل حمایت کرتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ حوثی ملیشیا کو یہ حملے فوری طور پر بند کرنے چاہئیں، ہم ان خطرات کے مقابلے میں سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔







