اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں ڈیجیٹل آپریٹرز انڈسٹری میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں جدت اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے موثر اور جامع حکمت عملی کے تحت کام کر رہا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے عالمی ڈیجیٹل آپریٹر”ویون”( VEON )گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کان ترزی اوعلو نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک میں ڈیجیٹل آپریٹرز انڈسٹری میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان میں حالیہ 5 جی سپیکٹرم کی کامیاب نیلامی اس شعبے میں جدت کے لیے ہماری مثبت اور موثر سمت کا ثبوت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان معیشت کے شعبے میں ڈیجیٹلائزیشن کو اپناتے ہوئے شفافیت کو یقینی بنانا چاہتا ہے۔ ملک میں ٹیلی کام آپریٹرز کو 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی کے بعد عوام کو معیاری انٹرنیٹ سروسز مہیا کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور ہم آہنگی سے کام کر رہے ہیں۔
پاکستان کی نوجوان آبادی انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر تعمیری شرکت سے ملک کی معیشت اور دیگر معیاری سروسز کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پاکستان کی نوجوان آبادی کا ٹیلی کام اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں رجحان بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے دلچسپی کا باعث ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں جدت کو اپنانے اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے موثر اور جامع حکمت عملی کے تحت کام کر رہا ہے۔وفاقی حکومت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی سہولت اور آسانی کے لیے تمام اداروں کے باہمی تعاون سے عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کیش لیس معیشت کے حصول کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا موثر استعمال حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
عالمی ڈیجیٹل آپریٹر ویون گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کان ترزی اوعلو نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے تمام شعبوں میں شفافیت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے بہت موثر اقدامات کیے ہیں، پاکستان نے ڈیجیٹل اکانومی کے حصول اور 5 جی سپیکٹرم کی نیلامی میں بہت تیز رفتاری سے کام کیاہے جو لائق تحسین ہے۔ کان ترزی اوعلو نے کیش لیس اکانومی اور معیشت کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کے لیے وزیراعظم کی نگرانی میں حکومت کی جانب سیکیے گئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے اپنی کمپنی کی طرف سے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری بڑھانے کے ارادے کا بھی اظہار کیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ،جیز ورلڈ کے چیف ایگزیکٹو ا?فیسر عامر ابراہیم اور دیگر متعلقہ سرکاری عہدیداران نے شرکت کی۔








