پشاور (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پیر کو یہاں سیلاب سے متاثرہ ضلع نوشہرہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کا جائزہ لیا۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ لوگوں کو بچانے اور انہیں فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر مرتضی جاوید عباسی، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور و قومی ورثہ انجینئر امیر مقام، پاکستان مسلم لیگ (ن)کے پی کے ترجمان و رکن صوبائی اسمبلی اختیار ولی اور دیگر رہنما بھی تھے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد بنگش، ڈپٹی کمشنر نوشہرہ، این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کے حکام نے وزیراعظم کو 27 اگست کے تباہ کن سیلاب کے بعد ضلع نوشہرہ میں جاری ریسکیو،ریلیف اور بحالی کی کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
وزیراعظم کو دریائے کابل میں سیلاب کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ نوشہرہ کی تحصیلوں جہانگیرہ، پبی میں سیلاب متاثرین کے لیے 70 ریلیف اور 11 میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے ہیں جہاں متاثرین کو امداد فراہم کی جا رہی ہے۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ تربیلا ڈیم کا پانی رکوانے سے دریائے کابل میں سیلابی ریلہ مزید نقصان پہنچائے بغیر گزرگیا۔وزیراعظم نے ضلع نوشہرہ میں مردان پل سے سیلابی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔