اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ اپنی گفتگو کے دوران دونوں رہنمائوں نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر مبارکباد کا تبادلہ کرتے ہوئے پاکستان اور کویت کے عوام کے ساتھ ساتھ پوری امت مسلمہ کیلئے امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کے لئے نیک خواہشات اور احترام کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے ایک بار پھر کویت پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے کویت کے برادر عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام علاقائی ممالک کو امن، استحکام برقرار رکھنے اور تمام اختلافات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستان اور کویت کے درمیان مضبوط تاریخی برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے، وزیراعظم نے کویت کے ولی عہد کو اپنی سہولت کے مطابق پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔









