عطا اللہ تارڑ 13

وزیراعظم نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات دینے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، عطاء تارڑ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہاہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات دینے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، سوئمنگ چیمپئن شپ میں بچوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جو ملک میں موجود باصلاحیت نوجوانوں کی واضح مثال ہے۔

اتوار کو وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے نیشنل ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوئمنگ چیمپئن شپ میں بچوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جو ملک میں موجود باصلاحیت نوجوانوں کی واضح مثال ہے۔وزیر اطلاعات نے چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر انتظامیہ اور سوئمنگ ایسوسی ایشن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کے والدین کا جوش و جذبہ بھی قابل تعریف ہے.

جنہوں نے بچوں کی حوصلہ افزائی میں اہم کردار ادا کیا۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان میں دنیا کا بہترین ٹیلنٹ موجود ہے اور امید ہے کہ یہ بچے مستقبل میں ملک کا نام مزید روشن کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی بہترین سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،وزیراعظم شہباز شریف نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولیات دینے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم کی ہدایات پر ملک میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی تربیت کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ پاکستان کا پرچم ہر میدان میں بلند ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں