وزیراعظم محمد شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ترکمانستان کے وزیر خارجہ کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پرگفتگو

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ترکمانستان کی کابینہ کے ڈپٹی چیئرمین اور وزیر خارجہ راشد میریدوف نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ترکمانستان کے عظیم رہنما گربنگولی بردی محمدوف کے ساتھ اس ماہ کے شروع میں آستانہ میں ہونے والی ملاقات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ عزت مآب بردی محمدوف کا پاکستان میں استقبال کرنے کے منتظر ہیں۔

وزیراعظم نے دونوں وزرائے خارجہ کی قیادت میں پاکستان اور ترکمانستان کے مابین دوطرفہ سیاسی مشاورت کے تیسرے دور کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے اداروں کی اس عمل میں باقاعدہ شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تجارتی، اقتصادی، سرمایہ کاری اور ثقافتی تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔وزیراعظم نے ترکمان کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کی دعوت دی۔

وزیراعظم نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے خصوصی کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے علاقائی تعاون اور رابطے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور تاپی (TAPI) گیس پائپ لائن اور دیگر منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔