امیر مقام 43

وزیراعظم شہباز شریف ملک کے نوجوانوں کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں، نوجوانوں کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، امیر مقام

چکدرہ (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ملک کے نوجوانوں کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں اور نوجوانوں کو بااختیار بنانا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ نوجوانوں پر کی جانے والی سرمایہ کاری دراصل پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

پیر کو ملاکنڈ یونیورسٹی میں پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ سکیم فیز فور کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کا آغاز مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کے وژن کے تحت ہوا اور وزیراعظم شہباز شریف نے اسے نہ صرف بحال کیا بلکہ مزید وسعت دی۔ وزیراعظم شہباز شریف ذاتی طور پر نوجوانوں کے لیے تعلیمی، ڈیجیٹل اور ہنرمندی کے منصوبوں کی نگرانی کرتے ہیں اور اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ملک کا نوجوان جدید تقاضوں کے مطابق آگے بڑھے۔

انجینئر امیر مقام نے واضح کیا کہ لیپ ٹاپ سکیم مکمل طور پر میرٹ اور شفافیت پر مبنی ہے۔ بغیر میرٹ لیپ ٹاپ دینے کا کوئی ایک بھی کیس ثابت کر دے تو وہ سیاست چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔ یہ وزیر اعظم شہباز شریف اور قائد محمد نواز شریف کا دوٹوک فیصلہ ہے کہ صرف وہی طلبہ اس سہولت کے حقدار ہیں جو واقعی اس کے مستحق ہوں۔ انہوں نے کہا کہ 2018 سے 2022 تک یہ قومی اہمیت کا پروگرام بند رہا، تاہم 2022 میں شہباز شریف کے دوبارہ وزیراعظم بننے کے بعد سب سے پہلا فیصلہ اسی سکیم کو بحال کرنے کا کیا گیا۔ اب تک ملک بھر میں 10 لاکھ سے زائد لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا چکے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی پوری رفتار سے جاری رہے گا۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ آج ملاکنڈ یونیورسٹی کے 600 میرٹ پر آنے والے طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملاکنڈ یونیورسٹی کا خیبر پختونخوا میں پہلی اور ملک بھر میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر پہاڑی اور دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کو مواقع دیے جائیں تو وہ بھی ملک و قوم کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق حکومت ڈیجیٹل اسکلز پروگرام، سکالرشپس، گرین یوتھ موومنٹ، سپورٹس سہولیات اور دانش سکولوں جیسے منصوبوں پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

انہوں نے یقین دلایا کہ ملاکنڈ یونیورسٹی کے مسائل اور مطالبات کے حل کے لیے ان کا دفتر ہر وقت دستیاب ہے اور تعلیمی و سپورٹس انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے پی سی ون کی منظوری میں مکمل تعاون کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتیں مثبت سمت میں استعمال کریں، سوشل میڈیا کا ذمہ دارانہ اور تعمیری استعمال کریں اور پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط، باوقار اور خوشحال پاکستان ہی ہم سب کا مشترکہ مقصد ہے۔اس موقع وفاقی وزیر نے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔ یونیورسٹی کے طلبہ نے وزیراعظم کے لیپ ٹاپ سکیم کو سراہا اور وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل وفاقی وزیر اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام کو جامعہ ملاکنڈ کے وائس چانسلر نے یونیورسٹی کی مجموعی کارکردگی، تعلیمی سرگرمیوں اور درپیش چیلنجز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ کے دوران وائس چانسلر نے جامعہ ملاکنڈ میں جاری تعلیمی پروگرامز، تحقیقی منصوبوں، فیکلٹی کی کارکردگی، طلبہ کی سہولیات اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی کو درپیش مالی و انتظامی مسائل اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے درکار اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلبہ کےلیے کرکٹ گراونڈ تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر انجینئر امیر مقام نے جامعہ ملاکنڈ کے تعلیمی معیار اور خطے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جامعہ ملاکنڈ کے جائز مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے وفاقی سطح پر ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلیم، تحقیق اور ہنر مندی کے فروغ کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں، اور حکومت تعلیمی اداروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے. اس موقع پر ملک جہانزیب خان صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) مالاکنڈ ڈویژن ، سینیٹر زاہد خان، ملک فاروق اقبال ضلعی صدر دیر لوئر، نثار خان وردگ ضلعی صدر اپر دیر، ملک نعمان یوسفزئی کوآرڈینیٹر وزیراعظم یوتھ پروگرام ملاکنڈ ڈویژن، فیض اللہ خان، عطاء اللہ خان، زاہداللہ خان، سجاد خان اور فرید یوسفزئی بھی موجود تھے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام کا جامعہ چکدرہ آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر جامعہ چکدرہ، فیکلٹی ممبران اور انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداران موجود تھے۔ انجینئر امیر مقام نے پارٹی کارکنان سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت، ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور خیبر پختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں