لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف آسٹریا کے چانسلر کرسچیئن اسٹاکر کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر ویانا، آسٹریا روانہ ہوگئے ۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی وزیرِ اعظم کے ہمراہ پاکستانی وفد میں شامل ہیں ۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم ویانا میں فیڈرل چانسلری میں کرسچیئن اسٹاکر سے دو طرفہ و وفود کی سطح پر ملاقات کریں گے۔
وزیرِ اعظم اور آسٹرین چانسلر دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے معروف کاروباری افراد کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ بعد ازاں وزیرِ اعظم پاکستان آسٹریا بزنس فورم میں شرکت کریں گے اور خطاب کریں گے۔
وزیرِ اعظم ویانا میں اقوام متحدہ کے تحت منعقدہ ’’پائیدار ترقی، عالمی امن و خوشحالی کا راستہ‘‘ کے موضوع پر خصوصی تقریب میں شرکت و خطاب بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل سے بھی ملاقات کریں گے۔ بیان کے مطابق وزیرِ اعظم کا آسٹریا کا سرکاری دورہ دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ کرے گا۔









