شہباز شریف 49

وزیراعظم سے کویتی ولی عہد کا ٹیلی فونک رابطہ، ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کیلئے پاکستانی کوششوں کی حمایت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد الصباح کو مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں پر اعتماد میں لیا ہے جبکہ کویت کے ولی عہد نے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کے لیے پاکستانی کوششوں کی مکمل حمایت کی ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کو جمعے کوکویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد الصباح کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی، گرمجوش اور خوشگوار گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کویت پر ہونے والے حملوں کی مذمت کا اعادہ اور مشکل حالات میں کویت کے عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

وزیراعظم نے کویتی قیادت کو مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کی مخلصانہ سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔کویت کے ولی عہد نے وزیراعظم کی قیادت کو سراہتے ہوئے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت کی۔ انہوں نے موجودہ بحران میں کویت کے ساتھ پاکستان کی حمایت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کویتی قیادت کے نام وزیراعظم کے حالیہ اظہارِ یکجہتی کے خط پر بھی اظہار تشکر کیا اور حالات بہتر ہوتے ہی پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔وزیراعظم نے ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں