شہباز شریف 52

وزیراعظم سے چینی سفیر کی ملاقات، سی پیک 2 پر کام تیز کرنے پر اتفاق

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں اہم ملاقات کی جس میں سی پیک 2پر کام تیزکرنے پر اتفا ق کیا گیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان جاری ملاقاتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے 75 ویں سالگرہ پر رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ موجود تھے، ملاقات میں وزیراعظم نے ٹو سیشنز کے کامیاب انعقاد پر چینی قیادت کو مبارکباد پیش کی۔وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی کیانگ اور وزیر خارجہ وانگ یی کا یوم پاکستان کی مبارکباد دینے پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے زراعت، صنعتی تعاون اور بنیادی ڈھانچے کے تحت سی پیک ٹو کو آگے بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے پاکستان کی اقتصادی استقامت اور اصلاحات کی کوششوں کو سراہا اور تجارت و سرمایہ کاری میں تعاون کا اعادہ کیا،

اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان جاری ملاقاتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے 75 ویں سالگرہ پر رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور استحکام کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کیا، انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی ہم آہنگی جاری رکھنے اور پائیدار پاک چین سٹریٹجک پارٹنرشپ کا بھی اعادہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں