مریم اورنگزیب 189

وزیراعظم سے حکومت نہیں چلتی ، صرف خواتین کو روک سکتے ہیں’ مریم اورنگزیب

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم سے حکومت نہیں چلتی وہ صرف خواتین کو روک سکتے ہیں،اس کرپٹ، نالائق، نااہل حکمرانوں سے حکومت نہیں چلتی تو وہ ایسے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہیں ،ڈسکہ کی عوام کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ 10 اپریل کو گھروں سے نکلیں اور الیکشن چوری کرنے والوں کا مقابلہ کریں اور اپنا بدلہ لیں،مریم نواز کی طبیعت بہت بہتر ہے اور وہ جلد اپنی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کریں گی ۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈسکہ کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے ابھی وہ رپورٹ آنا باقی ہے کہ پریذائیڈنگ افسروں کو کس نے اغوا ء کیا، فارم 45 میں کس نے تبدیلی کی، الیکشن کمیشن، انتظامیہ سمیت سب کو کہنا چاہتی ہوں کہ اگر آپ نے بھی سابقہ انتظامیہ والا معاملہ کیا تو عوام کا ہاتھ اور آپ کا گریبان ہو گا کیونکہ ووٹ کا تحفظ آپ کی ذمہ داری ہے ،ایک بھی جعلی ووٹ ڈالنے یا ڈلوانے کی کوشش کی گئی تو انتظامیہ کی ڈسکہ میں کوئی جگہ نہیں ہو گی ،ڈسکہ پورے پاکستان کی تکالیف کا بدلہ لیں اور پہلے سے زیادہ تعداد میں باہر نکلیں گے ۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کیخلاف لہرائے جانے والے کاغذات کوڑے کے ڈبے کی زینت بن چکے ہیںاور اب شہزاد اکبر سمیت حکومت سے چینی کی قیمت کنٹرول نہیں ہو رہی،چینی انکوائری کمیشن کی رپورٹ آنے کے بعد چینی 120 روپے کلو ہو چکی ہے ،اس حکومت کے اطراف میں چینی چور بیٹھے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ رمضان سے قبل سب اشیائے خورد و نوش مہنگی ہوں گی ،ہمارا مطالبہ ہے کہ ان تمام اشیا ء کی قیمتوں میں فوری طور پر کمی لائی جائے اور چوروں کو کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج لاہور شہر میں کوڑے کے ڈھیر بنے ہوئے ہیں، شہباز شریف کی بنائی ہوئی سڑکیں انہوں نے توڑ کر رکھ دی ہیں ،نواز شریف کے دور میں آٹا 35 روپے جبکہ آج 100 روپے فی کلو ہو چکا ہے ،مسلم لیگ (ن) کے پانچ سالہ دور میں چینی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران عوام سے مینڈیٹ لے کر نہیں آئے اس لئے انہیں عوام کی کوئی پرواہ نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹا وزیراعظم ملک پر مسلط ہے، ان سمیت تمام کرائے کے ترجمانوں کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں ۔انہوں نے بتایا کہ مریم نواز کی طبیعت بہت بہتر ہے اور وہ جلد اپنی سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کریں گی ،پی ڈی ایم متحد ہے ،چھوٹے موٹے اختلافات پر اتحاد کے صدر مولانا فضل الرحمان نے جواب طلبی کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں