خواجہ آصف 290

وزیراعظم اور عام آدمی کیلئے قانون ایک جیسا ہونا چاہیے، خواجہ آصف

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور عام آدمی کیلئے قانون ایک جیسا ہونا چاہیے۔

ایک انٹرویومیں انہوںنے کہا کہ ہم قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں، قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا چاہتے، ہم قانون سب کے لیے یکساں ہونے کی جدوجہد کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قانون حکمرانوں کیلئے اور حکمرانوں سے اختلاف کرنے والوں کے لیے بھی ایک ہی ہونا چاہیے، قانون کی حکمرانی کی چھتری کے نیچے بیٹھے ڈاکوئوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ اشیائے خورونی کی مہنگائی جرم ہے، مہنگائی سے حکومت میں شامل لوگ فائدہ اْٹھارہے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ (ن )خواجہ آصف نے کہا کہ 72سال میں قائد اعظم کے کتنے فرمودات کا احترام کیاگیا؟ کیا پاکستان کو قائد اعظم کے نظریات کے مطابق چلایا ہے؟ بحیثیت قوم ہم 72سال سے مجرم ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے جس طرح جمہوری جدوجہد کی ہم نے ان کے فرمودات کو فالو نہیں کیا، ہم نے بحیثیت قوم قائد اعظم کے فرمودات، نظریات اور خیالات کا احترام نہیں کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں