واپڈا ٹاؤن انتخابات 123

واپڈا ٹاؤن انتخابات۔ محکمہ کوآپریٹو افسران بڑی رکاوٹ بن گئے، ممبران پریشان

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)محکمہ کوآپریٹو پنجاب کے افسران کی ہٹ دھرمی۔ واپڈا ٹاؤن کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں پانچ برسوں میں انتخابات نہ ہو سکے۔ مبینہ طور پر جوائنٹ رجسٹرار سیٹھ اقبال احمد، ڈپٹی رجسٹرار ساجد احمد سوسائٹی کے انتخابات رکوانے کےلئے فرنٹ مینوں سے درخواستیں دلواتے ہیں۔

ڈیڈھ سال سے ڈپٹی رجسٹرار ساجد احمد سوسائٹی کے کنونئیر ہیں جن کو تبدیل نہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے واضح احکامات کے باوجود جوائنٹ رجسٹرار فیلڈ سیٹھ اقبال احمد انتخابات میں آڑے آ گئے۔رجسٹرار کوآپریٹو کی جانب سے جاری کیا گیا انتخابی شیڈول پر بھی عملدآمد کرنے کی بجائے پراپرٹی ڈیلروں کے ذریعے درخواستیں دلوا کر سیکرٹری کوآپریٹو سے مرضی کے آرڈر کروا کر انتخابات ایک بار پھر لٹکا دئیے گئے۔ سوسائٹی میں مافیا موجودہ بائی لاز ختم کروا کر واپڈا افسران کی بجائے سوسائٹی کی باگ ڈور پراپرٹی ڈیلرز اپنے ہاتھ میں لینا چاہتا ہے۔

جن کی پشت پناہی مبینہ طور پر جوائنٹ رجسٹرار سیٹھ اقبال احمد، ڈپٹی رجسٹرار ساجد احمد اور سرکل رجسٹرار ہاؤسنگ فضل احمد رندھاوا کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر سوسائٹی میں انتخابات ہو گئے تومعاملات منیجمنٹ کمیٹی کے ہاتھ میں چلے جائیں گے جو سوسائٹی ممبران کی حقیقی باڈی ہو گی اور کوآپریٹو افسران کی موجیں ختم ہو جائیں گی۔ جس وجہ سے محکمہ کوآپریٹو افسران سیکرٹری اور رجسٹرار کوآپریٹو کو مس گائیڈ کر کے الیکشن کا معاملہ التوا میں ڈالے ہوئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جوائنٹ رجسٹرار فیلڈ سیٹھ اقبال احمد سوسائٹی کے رجسٹرار ہیں جنہوں نے تمام تر امور اپنے خاص افسر ڈپٹی رجسٹرارساجد حسین کے حوالے کئے ہوئے ہیں جو سوسائٹی سے ماہانہ سینکڑوں لیٹر پیٹرول سمیت دیگر مراعات لیتے ہیں ۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ واپڈا ٹاؤن میں منیجمنٹ نہ ہونے کی وجہ سے 2010 میں صرف 6 غیر قانونی کمرشل تعمیرات تھیں جو اب بڑھ کر 250 تک پہنچ گئی ہیں ۔ 2011سے 16 تک سوسائٹی کا کنٹرول محکمہ کوآپریٹو کے پاس رہا جس میں سب سے زیادہ غیر قانونی کمرشلائزیشن ہوئی جس کی تعداد 150 تک پہنچ گئی۔ 2016-20 تک منیجمنٹ کمیٹی رہی اور محض چند غیر قانونی تعمیرات ہوئیں مگر 2020-24 تک پھر کوآپریٹو نے انتظام سنبھالا تو غیر قانونی کمرشل عمارتوں کی تعداد 250 تک جا پہنچی۔ اس حوالے سے واپڈ ٹاؤن کے ایک رہائشی نے بتایا کہ محکمہ کوآپریٹو افسران اور پراپرٹی ڈیلرز کے گٹھ جوڑ کی وجہ سے الیکشنز نہیں ہونے دئیے جا رہے ۔ سوسائٹی میں سہولیات کا فقدان ہیں، ممبران کی کوئی بات نہیں سنتا مگر کوآپریٹو افسران اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہیں اور ہائیکورٹ کے احکامات کے باوجود الیکشنز نہیں کروائے جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں