وقار یونس

والد کی خاطر پاکستان آنے کیلئے بےتاب وقار یونس آسٹریلیا میں پھنس گئے

سڈنی (ر پورٹنگ آن لائن)پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کے والد اس وقت شدید علیل ہیں، جس کےلئے وہ پاکستان آنا چاہتے ہیں تاہم ایسے میں آسٹریلیا میں پھنس گئے ہیں۔قومی ٹیم کے ہمراہ دورہ انگلینڈ پر موجود وقار یونس ٹور مکمل کرنے کے بعد اپنے اہلِ خانہ کے پاس آسٹریلیا پہنچے۔

سڈنی پہنچنے کے بعد وہ نیو ساوتھ ویلز کوویڈ 19 پروٹو کولز کے تحت 14 روز قرنطینہ میں چلے گئے تاہم اسی دوران لاہور میں ان کے والد کی طبیعت شدید خراب ہوئی اور انھیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

والد کی بیماری کی اطلاع ملتے ہی وقار یونس بھی پریشان ہوگئے، تاہم وہ اس وقت قرنطینہ مکمل کر رہے ہیں جس کے باعث انہیں وہاں سے نکلنے میں دشواری کا سامنا ہے۔وقار یونس پاکستان آنے کےلئے کوشاں ہیں تاہم انہیں نیوساوتھ ویلز قوانین کے مطابق قرنطینہ بھی مکمل کرنا ہے۔