بلیغ الرحمن

واقعہ کربلا ظلم اور تکبر کے خلاف نعرہ حق ہے جو رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعل راہ رہے گا’بلیغ الرحمن

لاہور ( رپورٹنگ آن لائن )گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہہ اور اہل بیت نے کربلا کے مقتل میں صبر اور ہمت کا مظاہرہ کر کے تمام انسانیت کے لیے سچائی کی عظمت، انصاف کی سربلندی اور ظلم کے خلاف کھڑے ہونے کا درس دیا ہے۔

واقعہ کربلا ظلم اور تکبر کے خلاف نعرہ حق ہے جو رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعل راہ رہے گا۔ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہہ اور شہیدان کربلا کی لازوال قربانیوں میں ہم سب کے لیے پیغام ہے کہ ہمیں ہمیشہ صحیح اور غلط کی واضح تفریق کرتے ہوئے حق کا ساتھ دینا ہے۔ پیغام کربلا ہے کہ فتح ہمیشہ حق اور انصاف کی ہو گی۔

آئیے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کے لافانی پیغام کو اپنی زندگیوں کا نصب العین بناتے ہوئے سچائی، انصاف اور بہادری پر مضبوطی سے کاربند ہو جائیں اور ایک ایسا مثالی معاشرہ تشکیل دیں جو انصاف، محبت، رواداری اخوت اور بھائی چارے کی عملی تصویر ہو۔