فیاض الحسن چوہان

(ن )لیگ کے میڈیا سیل کی جانب سے میرا فیس بک پیج ہیک کرکے بیہودہ پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے ، فیاض الحسن چوہان

راولپنڈی(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے الزام عائد کیاہے کہ (ن )لیگ کے میڈیا سیل کی جانب سے میرا فیس بک پیج ہیک کرکے بیہودہ پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے ،میرا فیس بک پیج ون مین آرمی کی طرح سیاسی جنگ لڑ رہا تھا ،ایف آئی اے سے رابطہ کرلیا ہے ،جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں جمعہ کے روز لیاقت باغ کے باہر گرفتاری دو نگا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنماء تحریک انصاف فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ (ن )لیگ کی جانب سے ان کا فیس بک پیج ہیک کرکے بیہودہ پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے ،اس قسم کی ڈرٹی پالیٹکس سے ان کی جیل بھرو تحریک پر کچھ اثر نہ ہوگا ۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ن لیگ کی رہنماعمران خان کو غنڈہ کہہ کر مخاطب کر رہی ہیں ،میں وارننگ دے رہا ہوں کہ خواتین کے ذریعے گندگی نہ اچھالی جائے ۔

ایک سوال کے جواب میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حکومت بیشک کارکنان کو گرفتار نہ کرے ،ہماری جدوجہد رکے گی نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان اور پی ٹی آئی ملک کو بچانے لئے گرفتاریاں دے رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ چوہدری پرویز الٰہی مدبر سیاستدان ہیں ان کی پی ٹی آئی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتا ہوں ۔ انہوںنے کہاکہ جمعہ کے روز لیاقت باغ کے سامنے شام چار بجے پہلی گرفتاری دوں گا۔