لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر ردعمل میں کہا ہے کہ ہم میڈیم ٹرم منصوبہ دے کرگئے تھے، آپ تو وہ مکمل نہ کرسکے، ن لیگ نے اپنے دور حکومت میں ترقیاتی منصوبوں پر عمل کرکے دکھایا تھا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا وزیراعظم نے قوم کو بھاشن دیا کہ ہم پیچھے اس لیے رہ گئےکہ ہمارےہاں طویل مدتی منصوبہ بندی کا فقدان تھا، پاکستان میں لانگ ٹرم منصوبہ بندی صرف مسلم لیگ ن نے کی ہے، آپ جیسے لیڈروں نے ملک کو تباہ کر دیا ۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ3 سال ہو گئے یہ ہمارے 12ویں 5 سالہ منصوبے کو مکمل نہیں کر سکے، جو قرض آپ لے رہےہیں، وہ آنے والی حکومت اور قوم کے لیے پھندا ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ منہگائی ، بےروزگاری اور غربت سےلوگ اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی کھلا نہیں پا رہے ، آپ نے 13 ہزار ارب روپےکے قرضے لیے، آپ قرضوں کی واپسی سے متعلق جھوٹ بولتے ہیں، آج ملک میں خسارہ ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا،اس خسارے کو پورا کرنےکیلیے دونوں ہاتھوں سے قرضے لیے جا رہے ہیں۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے عام آدمی کیلیے کیا کیاہے؟ بجلی اور گیس کہاں سستی کی ہے؟ناقص پالیسیوں کے باعث آپ کو ہر ضمنی الیکشن میں شکست ہوئی ، ملک کے تمام مافیاز آپ کے پروں کے نیچے ہیں ۔









