لاہور(رپورٹنگ آن لائن)ویڈیو اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس نے پہلی بار پاکستانی ڈرامہ سیریز کی تیاری شروع کر دی جس میں نامور ستارے جلوہ گر ہوں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیٹ فلکس کی ڈرامہ سیریز کا نام ”جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو ”رکھا گیا ہے جس کی کاسٹ میں فواد خان، ماہرہ خان، صنم سعید، احد رضا میر، حمزہ علی عباسی، مایا علی، اقرا عزیز، ہانیہ عامر و دیگر شامل ہیں۔نیٹ فلکس کی پیشکش فرحت اشتیاق کے اردو ناول ”جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو ”پر مبنی ہے۔
ڈرامہ سیریز کی عکس بندی اٹلی، برطانیہ اور پاکستان میں جاری ہے لیکن اسے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر کب ریلیز کیا جائے اس کا اعلان ہونا باقی ہے۔یہ ہارورڈ یونیورسٹی میں قانون کی تعلیم حاصل کرنے والے طالب علم سکندر کے گرد گھومتی ہے جو زندگی کو بدلنے والے ایک واقعے کا تجربہ کرتا ہے۔
اس واقعے کی وجہ سے سکندر دوسروں کو بے چین رکھتا ہے۔ اٹلی میں اس کی ملاقات ایک لیزا نامی لڑکی سے ہوتی ہے جو باصلاحیت فنکار ہے اور جس کا ماضی پریشان کن رہا۔