انقرہ(رپورٹنگ آن لائن)ترک صدر رجب طیب اردوان نے واضح کیا ہے کہ جب تک فلسطین میں جامع اور پائیدارامن قائم نہیں ہو جاتا ترکیہ نیٹو کی اسرائیل کے ساتھ تعاون کی کوششوں کو قبول نہیں کرے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیٹو سربراہی اجلاس کے موقع پر واشنگٹن میں نیوز کانفرنس میں ترک صدر رجب طیب اردوان نے یہ بات کہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ روس یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نیٹو اتحادیوں کے درمیان تعاون ضروری ہے۔ایف 16 طیاروں کی خریداری کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ امریکی صدر نے 3 سے 4 ہفتوں میں معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ترک صدر رجب طیب اردوان نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد شنگھائی تعاون تنظیم کا مستقل رکن بننا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شام سے تعلقات کی بحالی کے لیے ترک وزیرِ خارجہ کو شامی صدر سے ملنیکے لیے کہا ہے۔