نیوزی لینڈ 136

نیوزی لینڈ میں لاک ڈاؤن کا دورانیہ ایک مرتبہ پھرجمعہ تک بڑھا دیاگیا

آکلینڈ( رپورٹنگ آن لائن)نیوزی لینڈ میں لگاتار ڈیلٹا ویرینٹ کیسز بڑھنے کے بعد ملک میں لاک ڈاؤن کا دورانیہ ایک مرتبہ پھر جمعہ کی رات جبکہ اوکلینڈ میں منگل کی رات تک بڑھا دیا گیا ہے، پیر کو مزید 35 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد ملک میں مجموعی طور پر کیسز کی تعداد 107 ہو گئی ہے،میڈیارپورٹس کے مطابق کابینہ کی جانب سے لاک ڈاؤن میں توسیع کی منظوری کے بعد پیر کووزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے ہیلتھ ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ایشلے بلوم فیلڈ کے ساتھ پریس بریفنگ کے دوران اعلان کرتے ہوئے کہا کہ لگاتار ڈیلٹا ویرینٹ کیسز بڑھنے کے بعد ملک میں لاک ڈاؤن کا دورانیہ ایک مرتبہ پھر جمعہ کی رات جبکہ اوکلینڈ میں منگل کی رات تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے’ آکلینڈ کے الرٹ لیول کا اگلے پیر جبکہ ملک بھر کے لاک ڈاؤن کے لیے جمعہ کی سہ پہر کو جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ بہت سارے سوالات کے جوابات اور کچھ راستے باقی ہیں ہمیں مزید یقین کی ضرورت ہے۔ ہم ڈیلٹا کے ساتھ کوئی خطرہ مول نہیں لینا چاہتے۔

انہوں نے یہ انتباہ بھی دیا کہ کوویڈ 19 کمیونٹی کیسز کی تعداد بہتر ہونے سے پہلے بدتر ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آکلینڈ کو پورے 14 دن کے کوویڈ سائیکل کے لیول 4 پر رہنے کی ضرورت ہے یہی وجہ ہے کہ یہ کم از کم 31 اگست تک لاک ڈاؤن میں رہے گا آرڈرن نے کہا کہ لیول 4 میں اضافی وقت نیوزی لینڈ میں ڈیلٹا کے ہیڈ اسٹارٹ کی وجہ سے تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کیسز کو مانیٹر کر رہے ہیں اگر آکلینڈ سے باہر کوئی کیس نہیں آتا تو باقی ملک میں لیول تبدیل کرنے پر غور کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں