پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود

نیورو انسٹی ٹیوٹ میں مریض دوست ماحول کی فراہمی کیلئے کلر کوڈنگ سسٹم متعارف

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں مریض دوست ماحول کو یقینی اور لوگوں کی رہنمائی کیلئے کلر کوڈنگ سسٹم متعارف کروا دیا گیا۔
نیورو انسٹی ٹیوٹ
صوبہ کا یہ واحد شفاء خانہ ہے جہاں ہر فلور پر قائم شعبہ کے سائن بورڈ کو مختلف رنگوں سے واضح کیا گیا ہے اس اقدام سے بیمار و تیمار دار براہ راست متعلقہ وارڈ میں وقت ضائع کیے بغیر پہنچ سکیں گے۔

پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود ن
ایگزیکٹو ڈائریکٹر پی آئی این ایس پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے بتایا کہ مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اُن کی آمدورفت کے لئے آسانیاں پیدا کرنا بھی ضروری ہیں اور یہ اقدامات عالمی معیار کے مطابق طے شدہ اصولوں تک پہنچنے کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی اس ادارے میں مزید انقلابی اقدامات کریں گے اور وہ وقت دور نہیں جب یہ پنجاب کے ایک ماڈل انسٹی ٹیوٹ کے طور پر سامنے آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ تمام کام ٹیم ورک سے پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے جس سے وزیر اعظم عمران خان کے ہیلتھ ویژن، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی مریض دوست پالیسی اور وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی طرف سے دی گئی ہدایات پر عمل ہوگا اور پی آئی این ایس جیسا منفرد ادارہ مریضوں کی زیادہ بہتر انداز میں خدمت کر سکے گا۔

ای ڈی پی آئی این ایس پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کا کہنا تھا کہ انسٹی ٹیوٹ کے ڈاکٹرز اور ملازمین کے لئے بیسمنٹ ون اورٹومیں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں کھڑی کرنے کی سہولت فراہم کرنے کے علاوہ ادارے کے سامنے ہر شعبے کے سائن بورڈز کے رنگ کی مناسبت سے ڈاکٹرز کی پارکنگ بھی مخصوص کی گئی ہے تاکہ انہیں کسی بھی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

کلر کوڈنگ کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ نیورو سرجری یونٹ 1کیلئے ییلو،یونٹ2 کیلئے اورنج،یونٹ3 کیلئے گرین،نیورالوجی کے شعبے کیلئے ڈارک بلیو،آپریشن تھیٹر کیلئے سرخ، ایم آر آئی کیلئے پرپل،سی ایس ایس ڈی کیلئے ڈارک گرین اور ایمرجنسی وسی ٹی سکین کیلئے لائٹ بلیو رنگ کے سائن بورڈ آویزاں کر دیے گئے ہیں۔