اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیشنل ٹیرف کمیشن میں تمام کیسز معینہ وقت میں نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمیشن سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کے لئے سہولت یقینی بنائے اور قانونی و دیگر پیچیدگیوں سے بچانے کے لئے خصوصی اقدامات کرے،کیسز میں تاخیر کسی صورت قابل برداشت نہیں۔
منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ٹیرف کمیشن کی کارکردگی کو موثر اور بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے جاری اصلاحاتی اقدامات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے نیشنل ٹیرف کمیشن کو ملک میں صنعت و تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سہولت مہیا کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ وزیراعظم نے نیشنل ٹیرف کمیشن سے متعلقہ قانونی پیچیدگیوں کے حل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وزیراعظم نے نیشنل ٹیرف کمیشن میں افرادی قوت اور عملے کی تربیت اور پیشہ ور ماہرین کی رائے کو حکمت عملی کا حصہ بنانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں نیشنل ٹیرف کمیشن کے چیئرمین نے ادارے میں وزیراعظم سے منظور شدہ روڈ میپ کے تحت جاری قانونی، انتظامی اور مالی اصلاحات پر حاضرین کو بریفنگ دی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نیشنل ٹیرف کمیشن کی ادارہ جاتی تنظیم نو کے بعد اس کی فعال کارکردگی ملکی صنعت و سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے ناگزیر ہے،نیشنل ٹیرف کمیشن کے قانونی انتظامی مسائل کو صنعت و تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے تناظر میں جامع حکمت علی کے تحت حل کیا جائے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ نیشنل ٹیرف کمیشن کی تمام سرگرمیوں (آپریشنل فنکشنز) کو مکمل ڈیجیٹلائز کر کے شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جائے،نیشنل ٹیرف کمیشن سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کی سہولت یقینی بنائے اور قانونی و دیگر پیچیدگیوں سے بچانے کے لئے خصوصی اقدامات کرے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ادارے کی تنظیم نو اور کارکردگی کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے دنیا میں رائج بہترین اطوار کا جائزہ لیا جائے،انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید طریقوں کے استعمال سے نیشنل ٹیرف کمیشن میں جدت کو اپنایا جائے،نیشنل ٹیرف کمیشن ایپلٹ ٹریبیونل میں قانونی پیچیدگیوں کو سہل کر کے کارکردگی کو مزید بہتر کیا جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نیشنل ٹیرف کمیشن کی افرادی قوت اور عملہ بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت شدہ ہونا چاہیے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نیشنل ٹیرف کمیشن کی اصلاحاتی اقدامات پر عملی رہنمائی کے لیے پیشہ ور ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں،نیشنل ٹیرف کمیشن میں کیسز کی تاخیر کسی صورت قابل برداشت نہیں،ایسا نظام وضع کیا جائے جس میں تمام کیسز کو معینہ وقت میں نمٹایا جائے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم سے منظور شدہ روڈ میپ کے مطابق نیشنل ٹیرف کمیشن میں ادارہ جاتی، قانونی اور انتظامی تنظیم نو پر کام جاری ہے۔اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان،وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر، اور دیگر متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔









