نیتن یاہو 13

نیتن یاہو کی گادی آئزن کوٹ سے قومی اتحاد کی حکومت بنانے کی اپیل

تل ابیب (رپورٹنگ آن لائن) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے گادی آئزن کوٹ سے اپیل کی ہے کہ ملک میں سیاسی اختلافات اور بائیکاٹ ختم کرکے قومی مفاہمت اور اتحاد کی حکومت قائم کی جائے۔

نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو درپیش بڑے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قومی اتحاد کی حکومت ناگزیر ہے، محدود حکومت ملک کو درپیش خطرات کا مؤثر مقابلہ نہیں کر سکتی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران ایک بار پھر اپنا جوہری پروگرام بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور وہ اسرائیل کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کر سکتا ہے۔

نیتن یاہو کے مطابق اسرائیل کو اس وقت سب سے بڑا سکیورٹی چیلنج ایران کی جانب سے درپیش ہے اور اس خطرے کا مستقل خاتمہ قومی اتحاد کے ذریعے ہی ممکن ہے، لازمی فوجی بھرتی کے معاملے کو بھی مل کر حل کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے قومی مفاد میں مشترکہ حکومت تشکیل دی جائے تاکہ ملک کو درپیش سکیورٹی اور دیگر اہم مسائل سے نمٹا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں