لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کے ویژن سے مہنگائی میں کمی آئی ہے،پاکستان ایک امیر ملک نہیں ہے اور ہمارے وسائل بہت تھوڑے ہیں لیکن اچھا وقت بھی آئے گا اور آرہا ہے، خواہش ہے پنجاب کے تمام اسکولوں میں بچوں کومکمل کھانا فراہم کریں اور ان کو وہ تمام سہولیات دی جائیں جوپرائیویٹ اسکولوں میں بچوں کو حاصل ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے ڈیرہ غزہ غازی خان میں اسکول نیوٹریشن پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مریم نواز نے کہا کہ بچوں سے مل کر بہت خوشی ہے، بچوں سے ملنے والا پیار کبھی فراموش نہیں کرسکتی، میں آپ کے لیے ایسے سوچتی ہوں جیسے ماں اپنے بچوں کے لیے سوچتی ہے۔وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان سے لاہور جتنا بھی دور ہو میں آپ سے زیادہ دور نہیں ہوں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں صرف لاہور نہیں پورے پنجاب کا سوچتی ہوں، مزید کہا کہ ہمارے پاس پنجاب میں 49 ہزار اسکولز ہیں اور ان میں لاکھوں بچے پڑھتے ہیں اور میری یہ خواہش ہے ہم آپ کو اسکول میں باقاعدہ کھانا فراہم کریں لیکن آپ کو معلوم ہے پاکستان ایک امیر ملک نہیں ہے اور ہمارے وسائل بہت تھوڑے ہیں لیکن اچھا وقت بھی آئے گا اور آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میری پوری کوشش ہوگی کہ ہم آپ کو جتنا ہو سکے سہولیات فراہم کروں، میں صبح، دوپہر، شام اور رات میں آپ سب کے بارے میں یہ سوچتی ہوں کہ آپ کے اسکول کی تعلیم بہتر ہوجائے، آپ کے اسکول کی عمارت بہتر ہوجائے، آپ کا ماحول بہتر ہوجائے اور آپ کا جو تعلیمی معیار ہے وہ بہتر ہوجائے اور جو اساتذہ ہیں وہ بہترین طریقے سے آپ کو تعلیم فراہم کریں اور ہم آپ کو وہ سب سہولتیں دیں جو پرائیویٹ اسکولوں میں فراہم کی جاتی ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ میں ڈیرہ غازی خان میں صرف اور صرف آپ سے ملنے آئی ہوں اور یہ پروگرام میں نے لاہور سے یا راولپنڈی سے شروع نہیں کیا یہ ڈی جی خان جنوبی پنجاب سے شروع کیا ہے۔
وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ میں آپ کو وہ تمام سہولیات دیناچاہتی ہوں جوپرائیویٹ اسکولوں میں حاصل ہیں، خواہش ہے پنجاب کے تمام اسکولوں میں بچوں کومکمل کھانا فراہم کریں۔مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ میں آپ کے ذریعے پورے پنجاب کے بچوں کو بتانا چاہتی ہوں کہ کنڈر گارٹن، پری نرسری اور کلاس 5 تک کے بچوں کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مفت دودھ فراہمی کا پروگرام شروع کیا ہے جس میں بچوں کو روزانہ دودھ کا ایک پیکٹ دیا جائے جائےگا،کوشش ہے کہ بچوں کو ہر طرح کی سہولت فراہم کروں۔انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ اور راجن پور سے اس پروگرام کا آغاز کررہے ہیں۔
وزیر اعلی نے کہا کہ نہ صرف پنجاب میں بلکہ پورے پاکستان میں اس پروگرام کو شروع کیا جانا چاہیے، مزید کہا کہ صرف پنجاب ہی نہیں باقی تمام صوبوں کے بچے بھی ان کے اپنے بچے ہیں، تمام وزیراعلی کو یہ پروگرام اپنے اپنے صوبوں میں شروع کرنا چاہیے اور صوبوں کی تفریق سے ہٹ کر آنے والی نسلوں کے لیے ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ان کو اچھا ماحول اور اچھی صحت فراہم کی جائے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب وہ واحد صوبہ ہے جس میں نوازشریف صاحب کے ویژن سے ہم مہنگائی میں کمی لے کر آئے ہیں، آٹے کی قیمت، روٹی اور سبزیوں کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، ہم قیمتوں کو مستحکم رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور پہلی مرتبہ پاکستان میں 35 فیصد سے مہنگائی کم ہوکر تقریبا 9 اشاریہ کچھ فیصد تک آئی ہے۔