محمد نواز شریف 46

نواز شریف اور مریم نواز سے تاشقند کے گورنر کی وفد سمیت ملاقات

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے ازبکستان کے صوبے تاشقند کے گورنر زوئیر مرزا ایوف نے 7 رکنی وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔

قائد محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے تاشقند کے گورنر زویئر مرزا ایوف کا پرتپاک استقبال کیا، تاشقند کے گورنر زویئر مرزا ایوف نے پرجوش خیر مقدم کرنے پر اظہار تشکر کیا۔

اس موقع پر پنجاب اور تاشقند کو برادر صوبہ قرار دینے پر اتفاق کیا گیا، خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی، ٹورازم، زراعت، لائیو سٹاک،میٹ پراسیسنگ،بیوریجز،سٹرس فروٹ اور دیگر سیکٹرز میں معاشی تعاون پر اتفاق کیا گیا، ازبکستان کی طرف لاہور میں بابر پارک کے قیام کی تجویز پر غور کیا گیا۔

گورنر تاشقند نے لاہور میں مغل دور کی تاریخی عمارتوں کی بحالی پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دورہ ازبکستان کی دعوت شکریہ کے ساتھ قبول کرلی۔

گورنر تاشقند نے ازبکستان کے صدر کی طرف سے پاکستان عوام بالخصوص اہل پنجاب کے لئے نیک تمناؤں کا پیغام دیا، ازبک پلاؤ کی تعریف پر گورنر تاشقند کا اظہار مسرت، پاکستانی باورچیوں کی ٹریننگ کے لئے ازبک شیف بھیجنے کی پیشکش کی۔

صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستانی ازبکستان کے علمی و ثقافتی ورثے پر فخر کرتے ہیں، ثمرقند ماضی کی طرح آج بھی علم و ہنر کا مرکز و محور ہے، ازبکستان کے کھانے بالخصوص پلاؤ پاکستانیوں کے مرغوب کھانوں میں شامل ہے۔

محمد نواز شریف نے کہا کہ متحدہ ہندوستان کے پہلے مغل بادشاہ فرغانہ سے ہندوستان آئے، آج بھی ان کی متاثر کن حکمرانی کی داستان پڑھی جاتی ہے، لاہور کی ہزاروں سال پرانی تاریخ ہے، لاہور سے محبت ہے، جب وزیر اعظم تھا تو ہر ویک اینڈ پر لاہور آجاتا تھا۔۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف نے ازبکستان کے لوگوں بالخصوص اہل ثمر قند کو سلام محبت پیش کیا۔گورنر تاشقند زوئیر مرزا ایوف نے پنجاب میں ٹورازم کے فروغ اور سائٹس کی بحالی کو سراہا اور کہا کہ پنجاب میں ٹورازم ،ارکیالوجی، میوزیم اور سیاحت کے فروغ کے لئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔

زوئیر مرزا ایوف نے کہا کہ محمد نواز شریف صاحب سے ملاقات کو اپنا اعزاز سمجھتا ہوں، پاکستان کے ساتھ سماجی اور معاشی تعاون کو مزید فروغ دینے کے منتظر ہیں۔گورنر تاشقند نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سیاحت، فارماسیوٹیکل، زراعت اور دیگر سیکٹرز میں معاشی تعلقات کے فروغ کے بیشمار مواقع موجود ہیں، ازبکستان میں ڈھائی ہزار کمپنیاں 74 ممالک کے اشتراک کار سے کام کر رہی ہیں۔
زوئیر مرزا ایوف ازبکستان میں پاکستانی سرمایہ کاروں کے اشتراک سے 22 کمپنیاں، ٹیکسٹائل، زراوت اور میٹ پراسیسنگ دیگر سیکٹرز کام کر رہے ہیں، دورہ پاکستان کے مثبت اور حوصلہ افزاء معاشی نتائج کے لئے پُرامید ہیں۔

گورنر تاشقند نے کہا کہ ازبکستان میں ٹیکسٹائل بالخصوص پولیسٹر کی بہت مانگ ہے، پاکستانی کمپنیوں کا اشتراک کار میں خیر مقدم کریں گے، گورنر تاشقند نے ازبک مسجد کا سووینئر دیکھ کر اظہار مسرت کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ ازبکستان برادر ملک ہے، سماجی اور معاشی تعلقات مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں، ازبکستان سے محبت مجھے والد محترم محمد نواز شریف اور والدہ مرحومہ کی طرف سے ورثے میں ملی۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ لاہور میں ازبک کوزین ریسٹورنٹ پاکستانیوں کی ازبکستان سے محبت کا ثبوت ہے، پنجاب میں بہت سے تاریخی مقامات سیاحتی توجہ کا مرکز ہیں، لاہور میں مغل دور کے بیشمار آثار قدیمہ موجود ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ برادار ملک ازبکستان سے آنے والے وفد کا خیر مقدم کرتے ہیں، امید ہے دورہ پاکستان مثبت نتائج کا حامل ہوگا، ازبکستان سے آنے والے سرمایہ کاروں کے دورے کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے پُرامید ہیں۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ازبکستان کے لئے پاکستانی ایکسپورٹ بڑھ رہی ہے، پنجاب میں زراعت، صنعت، سوشل سیکٹر اور انفراسٹرکچر میں بہتری کے لئے اربوں روپے لگائے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملک کی زراعت کا 70 فیصد پنجاب سے ہے، سیالکوٹ، وزیر آباد اور فیصل آباد جیسے شہر انڈسٹریل حب ہیں، پاکستانی چاول دنیا میں بہترین شمار کیا جاتا ہے، اس کے ساتھ مکئی اور گندم بھی پنجاب کی بڑی فصلیں ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں زراعت اور لائیوسٹاک کی ویلیو ایڈڈ پراڈکٹ پر توجہ دے رہے ہیں، پنجاب میں عالمی معیار کے مطابق تین لاکھ مویشی میٹ ایکسپورٹ کے لئے موزوں اور تیار ہیں، میٹ کی کوالٹی بہتر بنانے کے لئے بھاری بھرکم سرمایہ کاری کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ازبکستان اور پاکستان اشتراک کار سے دنیا کو حیران کر سکتے ہیں، پاکستان ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل میں لیڈ لے رہا ہے، پاکستان کی بیڈ شیٹ، ٹاول اور دیگر ٹیکسٹائل مصنوعات دنیا بھر میں پسند کی جاتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں