اسد عمر 173

نوابشاہ کو واقعہ سندھ میں ریاستی و حکومتی عملداری کے بکھرنے کی ایک اور مثال ہے، اسد عمر

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف و وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسدعمر نے کہا ہے کہ نوابشاہ کو واقعہ سندھ میں ریاستی و حکومتی عملداری کے بکھرنے کی ایک اور مثال ہے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ پولیس گردی سے مسلح لشکر کشی تک وحشت و بربریت کی داستانیں زرداری راج کی پہچان بن چکی ہیں۔

انہوںنے کہاکہ سندھ میں زرداری کے حواری عملی طور پر مسلسل ریاست و حکومت کی رٹ کو چیلنج کررہے ہیں۔ اسد عمر نے کہاکہ زرداری اور اسکے حواریوں کی ناک تلے نوابشاہ میں بھانڈ قبیلے کیخلاف مسلح لشکر کشی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ زرداری اور اسکے حواریوں نے دہائیوں تک کراچی میں آگ اور خون کا بازار گرم کئے رکھا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ کے طول و عرض میں ظلم اور غنڈہ گردی کا راج، سندھ حکومت خاموش تماشائی ہے۔

انہوںنے کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ زرداری اور اسکے حواریوں کی کرپشن اور قتل و غارت گری کو حکومتی تحفظ فراہم کرنے کی شرمناک خدمت بجا لارہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان میں پارلیمان کا متفقہ فیصلہ ہے کہ مسلح جتھوں کو پنپنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ انہوںنے کہاکہ زرداری کے حواری سندھ میں مخالفین کو کچلنے کیلئے مسلح جتھوں کی تشکیل و سرپرستی پر وسائل بہا رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ صبر کا پیمانہ لبریز ہورہا ہے، کراچی کے بعد پیپلز امن کمیٹی کو دیہی سندھ میں بچے جننے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ ڈاکوؤں اور قاتلوں کی خاموش سرپرستی کی بجائے حکومتی مشینری کو عوام کے جان و مال کے تحفظ پر لگائیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ زرداری اور اسکے حواریوں کا سندھ میں مستقبل تاریک ہے، وطیرہ نہ بدلا تو انجام تیز تر ہوسکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں