اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے باونسر سے (ن)لیگ اور مولانا فضل الرحمان کے حکومت کو غیر مستحکم کرنے کے خواب چکنا چور ہوگئے۔
سماجی راطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پانے بیان میں وزیر اطلاعات و سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ذاتی مفادات کیلئے بنائی گئی پی ڈی ایم کے غبارے سے پہلے ہی ہوا نکل چکی ہے، مولانا فضل الرحمان اور مریم نواز سیاست کے بارہویں کھلاڑی ہیں، ان کی سیاسی بے روزگاری میں غیر معینہ مدت کے لیے توسیع ہوچکی ہے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، مستحق افراد وزیراعظم کے دل کے انتہائی قریب ہیں، حکومت کی جانب سے پناہ گاہوں اور لنگرخانوں کا قیام اسی سلسلے کی کڑی ہیں، وزیراعظم کے ویژن کہ کوئی بھوک سے نہیں مرے گا پر عملدرآمد کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔









