لاہور (زاہد انجم سے)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے کہا ہے کہ مریضوں کی بہتر دیکھ بھال (پیشنٹ کیئر) کو یقینی بنانے کے لیے نرسنگ ایجوکیشن اور جدید ٹریننگ پروگرام پر خصوصی توجہ دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نرسنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری اور پیشہ وارانہ تربیت کے لیے وسائل کی فراہمی سے ہیلتھ کیئر سسٹم کو مزید موثر اور عالمی معیار کے مطابق بنایا جا سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار پرنسپل پروفیسر فاروق افضل نے نرسنگ کالج اے ایم سی،لاہور جنرل ہسپتال کے سیشن 2025 کی نووارد طالبات کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پرنسپل اے ایم سی نے کہا کہ ملک بھر کے ہسپتالوں میں مریضوں کے بڑھتے بوجھ کے تناظر میں اعلیٰ تربیت یافتہ نرسز کی تیاری ناگزیر ہے،اس مقصد کے لیے ایک جامع اور مربوط پروگرام ترتیب دینا ہوگا تاکہ ہر مریض کو معیاری طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔
پرنسپل نرسنگ کالج روبینہ انعام نے طالبات سے دکھی انسانیت کی خدمت اور پیشے سے وفاداری کا حلف لیا۔ انہوں نے طالبات کو اس عظیم پیشے میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور بہترین تربیت و تعلیم کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ فضیلت لعل، نرسنگ سپرنٹنڈنٹ پنز آسیہ خانم و نرسز کی کثیر تعداد موجود تھی۔
پروفیسر فاروق افضل نے طالبات پر زور دیا کہ وہ مہارت، نظم و ضبط اور اخلاقی اقدار کو اپنی تعلیم کا حصہ بنائیں، جامع مطالعہ اور مستقل مزاجی ہی پیشہ وارانہ کامیابی کی کنجی ہے اور تعلیمی شارٹ کٹس کا انجام کبھی سودمند نہیں ہوتا۔انہوں نے نرسنگ کالج ایل جی ایچ کی 63 سالہ شاندار تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس ادارے کی فارغ التحصیل نرسز آج نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں بھی انتظامی اور تدریسی عہدوں پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔
نرسنگ انسٹرکٹر شہناز ڈار نے تعلیمی ادارے کی تاریخی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 1965 کی جنگ کے دوران طالبات نے زخمیوں کی مرہم پٹی کی جبکہ 2011 میں ڈینگی وبا کے دوران نابینا باپ کی بیٹی سیکنڈ ائیر کی نرس طلبہ اسماء کنول نے مریضوں کی خدمت کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا جو اس پیشے کی عظمت کی علامت ہے۔
تقریب میں نرسنگ انسٹرکٹر زتبسم ضیاء، ثوبیہ لطیف، آسیہ معراج، رمضانہ بی بی،ساجدہ اور شازیہ یعقوب سمیت دیگر معزز فیکلٹی ممبران نے سٹوڈنٹس کو کلینکل سرگرمیوں، کالج و ہاسٹل کے ایس او پیز، ڈسپلن کے رہنما اصولوں بارے آگاہی اورطالبات کو کامیاب مستقبل کے لیے رہنمائی فراہم کی۔









