نارووال ( رپورٹنگ آن لائن)یونیورسٹی آف نارووال کی 5 ویں سالگرہ کی تین روزہ تقریبات کا افتتاح وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال چوہدری نے کیا ۔ وفاقی وزیر نے طلبہ وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نارووال کو تعلیم باٹنے والا شہر بنانا ا ن کا خواب تھا ان کے پاس اپنے والدین کی چھوڑی ہوئی جائیداد نہیں تھی صرف تعلیم تھی جس کی بدولت وہ اسمبلی تک پہنچے اور اپنے ملک پاکستان کی خدمت کرنے کا موقع ملا ہے یونیورسٹی آف نارووال جو پہلے گجرات یونیورسٹی کیمپس کے نام سے نارووال شروع کیا گیا اس وقت انہیں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مخالفین نے یہ کہا کہ احسن اقبال اپنی پرائیوٹ یونیورسٹی کاروبار کے لئے بنا رہا ہے اس وقت پرائیوٹ کالجز کے وفد نے بھی نارووال میں یونیورسٹی بنانے کی مخالفت کی لیکن وہ اپنے اصولی موقف پر قائم رہے اور اللہ تعالی نے ان کی مدد کی ۔
گجرات کیمپس سے یونیورسٹی آف نارووال کا سفر بھی کٹھن تھا یونیورسٹی کے لئے جگہ لیتے وقت بھی کافی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا آج اللہ کے فضل سے یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے بچے بچیاں بہترین روزگار کما رہے ہیں ،نارووال میںیونیورسٹی کے قیام سے وہ بچے اور بچیاں جن کے والدین دوسرے شہروں میں زیادہ اخراجات کی وجہ سے نہیں پڑھا سکتے تھے وہ نارووال میں اپنی تعلیم مکمل کروا رہے ہیں ۔وفاقی وزیر نے طلبہ وطالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ آپ کا فرض ہے کہ وہ اپنے اپنے سکولوں میں تعلیم کے متعلق بچوں میں آگاہی دیں تاکہ بچوں کا شوق پڑھنے کی طرف آئے کیونکہ آپ تعلیم مکمل کرکے پاکستان کے سفیر بنیں گے ۔احسن اقبال نے کہا کہ نارووال سپورٹس سٹی بنانے کے جرم میں مجھے سوا 2 ماہ جیل میں موت کے قیدیوں کی چکی میں رکھا گیا ،نوجوانوں کے لئے کھیلوں کے میدان بنانا جرم ہے تو اگر ان کو موقع ملا تو وہ یہ جرم بار بار کریں گے ۔
وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ گورنمنٹ اسلامیہ ڈگری کالج کو بحال کرنے کیلئے انہوں گورنر پنجاب سے درخواست کی ہے چونکہ یونیورسٹی کو ابتدائی طور پر چلانے کے لئے ان کو جگہ درکار تھی اس لئے انہوں نے اسلامیہ ڈگری کالج کی جگہ کو استعمال کیا آج یونیورسٹی آف نارووال کی علیحدہ عمارت بن چکی ہے اس لئے گورنمنٹ اسلامیہ ڈگری کالج کو بحال کروایا جائے گا ۔ وفاقی وزیر نے پروفیسرز اور طلبہ و طالبات میں شیلڈیں تقسیم کیں اور بہت جلد یونیورسٹی کے پہلے کانووکیشن کے انعقاد کا بھی اعلان کیا ۔وفاقی وزیر جب یونیورسٹی پہنچے تو ان کا شاندار استقبال کیا گیا ۔احسن اقبال نے گرلز ہاسٹل کے افتتاح کے علاہ یونیورسٹی کی جامعہ مسجد کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ مہمان خصوصی نے یونیورسٹی کی پانچ سالہ تقریبات کے سلسلے میں فوڈ گالا، آرٹ وپینٹنگ، کھیلوں ، ای گیمنگ کا بھی افتتاح کیا اور شعبہ ابلاغیات کے طلبہ و طالبات کے فائنل ائیر پراجیکٹس بھی دیکھے۔
٭٭٭









