احسن اقبال

نارووال میں صنعتی زون کے قیام سے نوجوانوں کیلئے ہزاروں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے’ احسن اقبال

نارووال (رپورٹنگ آن لائن )وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ نارووال میں 300 ایکڑ پر صنعتی زون کے قیام سے نوجوانوں کے لیے ہزاروں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نارووال میری پہچان ،ہے یہ دھرتی میری سیاست کا مرکز ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نارووال کے عوام کی طاقت اور ان کے ووٹوں کی بدولت ہی انہیں یہ کامیابیاں حاصل ہوئیں۔ احسن اقبال نے نارووال کی تعلیمی ترقی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج نارووال پورے پاکستان میں ایک تعلیمی شہر کے طور پر جانا جاتا ہے، یہاں کے نوجوان آج اعلی تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں اپنا مقام بنا رہے ہیں۔انہوں نے نارووال یونیورسٹی کے ایک طالب علم کی کہانی بھی بیان کی جس کو اس کے والد نے پنجاب یونیورسٹی میں داخلہ ملنے کے باوجود مالی وسائل کی کمی کے باعث تعلیم ترک کرنے کا مشورہ دیا۔

لیکن جب اسے معلوم ہوا کہ نارووال یونیورسٹی میں بھی کمپیوٹر سائنس کی تعلیم دستیاب ہے تو اس نے وہیں داخلہ لیا۔ دو سال بعد اسی نوجوان نے نارووال یونیورسٹی سے کمپیوٹر سائنس میں ڈگری مکمل کی، فل برائٹ اسکالرشپ جیتا اور اب وہ امریکہ کی بہترین یونیورسٹی میں ماسٹرز کر رہا ہے۔ احسن اقبال نے بتایا کہ یہی نہیں بلکہ وہ ایمازون میں بطور سافٹ ویئر انجینئر انٹرن شپ کے لیے منتخب بھی ہو چکا ہے۔وفاقی وزیر نے نارووال میڈیکل کالج کے آغاز کو بھی ایک سنگ میل قرار دیا جس کی بدولت مقامی نوجوانوں کو طب کے شعبے میں اپنے کیریئر کی ترقی کے مواقع ملیں گے۔

انہوں نے نارووال کے لیے 300 ایکڑ پر صنعتی زون کے قیام کا بھی ذکر کیا جس سے یہاں کے نوجوانوں کے لیے ہزاروں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ احسن اقبال نے سپورٹس سٹی منصوبے کے بارے میں بھی بات کی جس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں انہیںکئی مشکلات کا سامنا تھا لیکن وہ بخوبی مکمل ہوا۔ انہوںنے کہا کہ سپورٹس سٹی کا مقصد نہ صرف کھیلوں کے میدان میں ترقی لانا ہے بلکہ نوجوانوں کو کھیلوں کے ذریعے اپنے مستقبل کو سنوارنے کا موقع دینا ہے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ نارووال اسپورٹس سٹی جو ماضی میں ایک چیلنج سمجھا جاتا تھا اب ایک نئے مقصد اور اہمیت کا حامل ہو چکا ہے۔ آئندہ سال پاکستان میں ہونے والی بین الاقوامی سائوتھ ایشن گیمز کے دوران نارووال کو ایک نمایاں مقام کے طور پر منتخب کیا گیا ہے جس سے نہ صرف یہاں کے نوجوانوں کو عالمی سطح پر کامیابی کے امکانات بڑھیں گے بلکہ دنیا بھر سے آنے والی کھیلوں کی ٹیمیں اور کھلاڑی بھی اس شہر کا حصہ بنیں گے۔