کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کی ترجمان و سیکرٹری اطلاعات فوزیہ صدیقی نے ملک میں بے قابو مہنگائی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں نے عوام، خصوصا متوسط طبقے کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے اور لاکھوں خاندان غربت کی لکیر سے نیچے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول، ڈیزل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اچانک 55 روپے تک اضافے نے مہنگائی کے ایک نئے طوفان کو جنم دیا، جس کے اثرات براہِ راست عام شہری کی زندگی پر پڑے ہیں۔ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے جبکہ بجلی، گیس اور ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر پیٹرولیم مصنوعات کی یں مزید اضافی ہوا تو حالات مزید خراب ہو جائیں گے۔ لاک ڈائون یا تعلیم اداروں کی بندش مسائل کا حل نہیں عوام کے لیے ریلیف پیکیج متعارف کروائے جائیں اشیا خوردونوش پر حکومت فوری سبسڈی فراہم کرے۔
فوزیہ صدیقی نے کہا کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں روز بروز بڑھتی جا رہی ہیں اور عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مصنوعی مہنگائی اور بحران پیدا کیا گیا ہے جبکہ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کو روکنے میں حکومت مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کے لیے کوئی مثر حکمت عملی سامنے نہیں آئی، جس کے باعث عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں۔ترجمان پی ٹی آئی کراچی نے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور اب وقت آ چکا ہے کہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان تحریک انصاف عوام کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور مہنگائی کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی۔









