طارق فضل چوہدری 17

نائب وزیراعظم کی تقرری رولز آف بزنس 1973 کے تحت کی گئی ہے، وفاقی وزیر پارلیمانی امور

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ نائب وزیراعظم کی تقرری رولز آف بزنس 1973 کے تحت کی گئی ہے، موجودہ حکومت کے دور میں پہلی مرتبہ یہ تقرری نہیں ہوئی بلکہ ماضی میں بھی نائب وزیراعظم کی تقرری کی جاتی رہی ہے۔ منگل کو سینٹ میں سینیٹر محمد ہمایوں مہمند کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت آئین اور رولز آف بزنس کے تحت امور انجام دیتی ہے اور نائب وزیراعظم کی تقرری بھی متعلقہ قواعد کے مطابق کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم کی تقرری کے حوالے سے آئین میں واضح گنجائش ہونے یا نہ ہونے کا معاملہ ایک رائے کی حیثیت رکھتا ہے جس پر بحث کی جا سکتی ہے، اگر کوئی رکن مستقبل میں اس حوالے سے آئینی ترمیم کی تجویز دینا چاہتا ہے تو اسے اپنی رائے دینے کا حق حاصل ہے۔ وفاقی وزیر نے وضاحت کی کہ رولز آف بزنس 1973 کے رول 5(2) کے تحت وزیراعظم کو معاونت فراہم کرنے کے لیے متعلقہ انتظامی گنجائش موجود ہے اور حکومت نے اسی قاعدے کے تحت نائب وزیراعظم کی تقرری کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں