سکول ایجوکیشن 35

نئے تعلیمی کلینڈر کی تیاری، محکمہ سکول ایجوکیشن میں اہم اجلاس

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) محکمہ سکول ایجوکیشن میں نئے تعلیمی کلینڈر کی تیاری کے لیے سپیشل سیکرٹری محمد اقبال کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں یونیفائیڈ تعلیمی کلینڈر کے حوالے سے پیکٹا، ڈی پی آئی سیکنڈری اور ڈی پی آئی ایلیمنٹری کو تین روز میں سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس کے دوران تجویز دی گئی کہ تعلیمی سال 190دن پر مشتمل ہو جبکہ امتحانات کے لیے 20دن مختص کیے جائیں۔ اس کے علاوہ موسم گرما کی چھٹیاں 6ہفتے اور موسم سرما کی چھٹیاں 2ہفتے کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔ گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران ایک ماہ کے لیے سمر کیمپس لگانے کی اجازت دینے پر بھی بات کی گئی۔شرکاء نے غیر اعلانیہ چھٹیوں کو طلبہ کے تعلیمی نقصان کا سبب قرار دیا اور تجویز دی کہ سیلاب یا ہنگامی صورتحال میں صرف متاثرہ اضلاع میں ہی اضافی چھٹیاں دی جائیں۔

اجلاس میں سابق وزیر تعلیم میاں عمران مسعود، کامران ملک اور علی رضا نے شرکت کی جبکہ ڈی پی آئی سیکنڈری مصباح طلعت اور ڈی پی آئی ایلیمنٹری شاہدہ سہیل بھی اجلاس میں موجود تھیں۔ نئے تعلیمی کلینڈر پر حتمی فیصلہ سفارشات موصول ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں