جھانوی کپور

میں نے جان بوجھ کر کم کمرشل فلموں کا انتخاب کیا،جھانوی کپور

ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بالی ووڈ کی نوجوان اور ابھرتی ہوئی اداکارہ جھانوی کپور نے کہا ہے کہ انکے کیریئر میں ہٹ سے زیادہ ناکام فلمیں ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ میں نے رسکی فلموں کا انتخاب کیا، بڑی کمرشل فلمیں کرسکتی تھی۔ واضح رہے کہ بالی ووڈ کے معروف پروڈیوسر بونی کپور اور آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی 27 سالہ جھانوی کپور نے اپنے بالی ووڈ کیریئر کا آغاز اداکار ایشان کھتر کے ساتھ فلم ‘دھک دھک’ سے کیا۔

وہ 2 اگست کو ریلیز ہونے والی اپنی آئندہ فلم الجھ میں نظر آئیں گی، جس کی پروموشن کیلیے ان دنوں وہ کافی مصروف ہیں۔ بھارتی میڈیا کے ساتھ اپنے ایک انٹرویو میں جانہوی نے اپنے اب تک کے کیریئر میں فلموں کے چنائو پر گفتگو کی۔ انکا کہنا تھا کہ انھوں نے جان بوجھ کر کم کمرشل فلموں کا انتخاب کیا۔ اسکی وجہ انھوں نے یہ بتائی کہ وہ ایک آرٹسٹ کے طور پر ابھرنا چاہتی ہیں۔

انھوں نے کہا میں بہت ہی آسان سفر کا چنائو کرسکتی تھی، میں اس فلم کی جگہ یا میری پچھلی چند فلموں کی جگہ بڑی کمرشل فلمیں کرسکتی تھی، جہاں گلیمر ہوتا، بہت آسانی سے رسائی اور شہرت ملتی ہے اور باکس آفس پر کامیابی کی ضمانت ہوتی ہے، یہ سب کچھ بہت آسان ہوتا۔ انھوں نے کہا اس میں کامیابی کا ریٹ بھی یقینی ہوتا جبکہ میں نے رسکی رستے کا چنائو کیا ہے، انکے مطابق یہ طویل اور مشکل سفر ہے۔