اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں، فیلڈ مارشل اور پاکستانی قوم اس نازک وقت میں سعودی قیادت، برادر عوام کے ساتھ مضبوطی، عزم کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیرِاعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے ،اس موقع پر وزیرِ اعظم نے بحیرہ احمر میں سعودی آئل ٹینکرز پر حوثی ملیشیا کے بزدلانہ حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔انہوں نے محمد بن سلمان سے گفتگو میں کہا کہ ایسے اقدامات قطعی ناقابلِ قبول ہیں، یہ بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں، ایسے اقدامات جہاز رانی اور تجارتی نقل و حمل کی آزادی کیلئے خطرہ ہیں، یہ علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ بھی کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ میں، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور پاکستانی قوم اس نازک وقت میں سعودی قیادت، برادر عوام کے ساتھ مضبوطی اور عزم کے ساتھ کھڑے ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے مملکت سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت اور خوشحالی کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ولی عہد نے پاکستان کی مستقل حمایت اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کو سراہا۔
وزیراعظم نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان کے لیے نیک خواہشات اور خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن و سلامتی اور استحکام کے لیے مملکت و عالمی برادری کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا، بحیرہ احمر، آبنائے ہرمز، سمندری تجارت کی بلاتعطل روانی کے لیے قریبی تعاون جاری رہے گا۔









