چوہدری فواد حسین

میڈیا کارکنوں کو قانونی دادرسی کا حق دینا ہمارا فرض ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ میڈیا کارکنوں کو قانونی داد رسی کا حق دینا ہمارا فرض ہے،

مختلف اخبارات میں شائع ہونے والے اشتہارات کے ردعمل میں ہفتہ کو سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر فواد چوہدری نے لکھا کہ میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں میڈیا ورکرز کے اپنی آرگنائزیشن کے ساتھ معاہدے پر عملداری کے لیے میڈیا ٹریبونلز سے رجوع کرنے کے حق اور فیک نیوز پر جرمانے کی شقوں کے علاوہ مجوزہ قانون میں ہر شق میں تبدیلی منظور ہے،انہوں نے کہا کہ ہمارے موجودہ میڈیا ماڈل میں عام آدمی، غریب میڈیا کارکن اور پبلک انٹرسٹ کا تحفظ نہیں، غریب میڈیا کارکنوں کوقانونی داد رسی کا حق دینا ہمارا فرض ہے،

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فیک نیوز کو کیسے میڈیا سیٹھ کا حق مانا جا سکتا ہے؟ بلیک میلنگ کو اپنا حق قرار دینا اور اشتہار دینا صرف پاکستان میں ہی ممکن ہے۔