شہباز اکمل جندران۔۔۔
پنجاب کے تین شہروں لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں صوبائی حکومت کی طرف سے میٹرو بس سروس کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔میٹرو اور ذیلی روٹس پر چلنے والی بسوں کو پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی ریگولیٹ کرتی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے زیر کنٹرول لاہور میں میٹرو کی 64 بسیں اور ضم ہونے والے ذیلی روٹس پر200 بسیں چلائی جاتی ہیں۔

اسی طرح راولپنڈی میں میٹرو کی 68 بسیں چلائی جاتی ہیں۔ جبکہ ملتان میں میٹرو کی 35 اور ضم ہونے والے ذیلی روٹس کی ایک سو بسیں چلائی جاتی ہیں۔
تاہم ذرائع سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ میٹرو بسیں اصل میں سفید ہاتھی بن چکی ہیں اور لاہور، راولپنڈی یا ملتان میں ہر جگہ خسارے کا شکار ہیں۔اور گزشتہ مالی سال کے دوران ان بسوں کو مجموعی طور پر 4 ارب 86 کروڑ روپے کی سبسڈی دی گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق میٹرو اور فیڈر روٹس پر چلنے والی بسوں کو لاہور میں گزشتہ مالی سال کے دوران 2 ارب 86 کروڑ 62 لاکھ روپے سبسڈی دی گئی۔
اسی طرح ملتان میٹرو اور فیڈر بسوں کو ایک ارب 94 کروڑ روپے کی سبسڈی دی گئی۔
جبکہ راولپنڈی میٹرو بس کو گزشتہ مالی سال کے دوران 90 کروڑ روپے کی سبسڈی دی گئی۔








